مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاراچنار کے مظلوم عوام طویل عرصے سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا شکار ہیں، علاقے کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے سازشی عناصر ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں۔ ایک بیان میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ضلع کرم کے باسیوں کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کیا جا رہا ہے، ضلع کرم میں بدترین فساد برپا کرنے کی جو چال چلی جا رہی اس کے نتائج انتہائی بھیانک ثابت ہو سکتے ہیں۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ضلع کرم کے بابصیرت و دانش مند عوام ملک دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، انشاءاللہ وہ دشمن کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ملک کے حساس ترین خطے میں اس خونی کھیل کو روکیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اگر کسی غفلت کا مظاہرہ کیا تو اس فتنے کو روکنے کے لئے ملک بھر سے پاراچنار کی طرف امن مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔