مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات اور تہران اور ماسکو کے درمیان دوطرفہ تعلقات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی سطح پر میں ہونے والی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر باقری کنی نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تعاون پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان علاقائی اور عالمی مسائل پر ہماہنگی ہے۔ دونوں ممالک اسٹریٹجک تعاون کے جامع منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہیں۔ معاہدے پر جلد دستخط کیا جائے گا۔
انہوں نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کو جلد لگام دینے کی ضرورت ہے۔ فلسطین کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے سے صہیونی حکومت بے لگام ہوکر مزید جارحیت کرے گی۔
ملاقات کے دوران روسی وزیر خارجہ نے صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر ایرانی عبوری وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید توسیع پر آمادگی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ روس غزہ میں صہیونی جارحیت کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات انجام دے گا۔