مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیکورٹی فورسز اور امام زمان علیہ السلام کے گمنام سپاہیوں نے مختلف مقامات پر کاروائی کرتے ہوئے محرم الحرام اور دیگر مواقع پر دہشت گردی اور تخریب کاری کے متعدد منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے۔
وزارت انٹیلی جنس کے بیان کے مطابق تکفیری عناصر شہید رئیسی کی تشییع جنازہ کے موقع پر مختلف شہروں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے تاہم سیکورٹی فورسز کی ہوشیاری سے بروقت ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
بیان کے مطابق صدر رئیسی کی شہادت کے بعد سے اب تک مختلف دہشت گرد تنظیموں کے کارندوں کے خلاف 79 مواقع پر کاروائی کی گئی ہے۔ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹ اور ممنوعہ ہتھیار برآمد کیا گیا۔
دہشت گردوں کے خلاف تہران، البرز، خراسان جنوبی، قزوین، فارس، سیستان و بلوچستان، ھرمزگان اور بوشہر میں آپریشن کیا گیا۔ علاوہ ازین متعدد شرپسند عناصر کو ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے ہلاک کیا۔ عراقی کردستان میں چھپے علیحدگی پسند عناصر سرحدی علاقوں میں امام زمان کے گمنام سپاہیوں کی جال میں پھنسے۔
انقلاب مخالف عناصر مختلف مقامات پر حساس ایام میں تخریب کاری کی کوشش کررہے تھے تاہم سلامتی کے ذمہ دار اداروں کی بروقت کاروائی کی وجہ سے ان کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔
کرمان کے حادثے میں ملوث دہشت گرد عبداللہ کوئٹہ کی گرفتاری سیکورٹی فورسز کی اہم کامیابیوں میں سے ایک ہے جس نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف آپریشن میں مدد دی اور ان کی کمین گاہوں اور متوقعہ کاروائیوں کے بارے میں اہم انکشافات کئے۔
وزارت انٹیلی جنس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کاروائیاں آخری نہیں بلکہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور محرم الحرام اور دیگر اہم مواقع پر ملکی سلامتی اور امن وامان کے قیام کے لیے پوری طاقت کے ساتھ شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔