مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران میں صدارتی انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔
صدر رئیسی کی شہادت کے بعد قبل از وقت ہونے والے انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں ریاست کے بنیادی ستونوں کے سربراہان کا اجلاس ہوا۔ مجریہ، مقننہ اور عدلیہ کے سربراہان کے علاوہ نگران کونسل کے نائب سربراہ، صدر کے قانونی امور کے معاون، وزیر مواصلات اور قومی ٹیلیویژن نیٹ ورک کے سربراہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں صدر کے قانونی امور کے معاون نے کاغذات نامزدگی کے سلسلے میں بہترین اقدامات پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں تینوں اداروں کے سربراہان نے انتخابی امیدواروں پر زور دیا کہ انتخابی مہم کے دوران مثبت سیاست اختیار کرتے ہوئے منفی اقدامات سے گریز کریں۔
قائم مقام صدر محمد مخبر نے اس موقع پر کہا کہ عدلیہ اور انتظامی ادارے پرامن اور شفاف انتخابات منعقد کرنے کے لئے پوری توانائی استعمال کریں۔