شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھی شہداء کو مختلف شہروں میں تدفین کے لئے جایا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کو کل تہران میں عوام کی تشییع اور بین الاقوامی مندوبین کی موجودگی میں ادائے احترام کے بعد مختلف شہروں کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔

شہید صدر رئیسی کو آج مشہد میں تشییع کے بعد حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں دفن کیا جائے گا۔

شہید وزیرخارجہ امیر عبداللہیان کو تہران میں شاہ عبدالعظیم حسنی کے حرم میں سپرد خاک کیا جائے گا جبکہ شہید آیت اللہ آل ہاشم کو ان کے آبائی شہر تبریز لے جایا گیا ہے جہاں تشییع کے بعد ان کو دفن کیا جائے گا۔

صوبہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی کو ان کے آبائی شہر مراغہ کے گلزار شہداء میں دفن کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھی مشرقی آذربائیجان کے دورے کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد شہید ہوگئے تھے۔

لیبلز