مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی وزیراعظم نتن یاہو کی کابینہ کے لئے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
صہیونی اخبار معاریو نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جنگی کابینہ میں بنی گینٹز، یوا گیلانت اور آئزنکوت نے نتن یاہو کے خلاف اتحاد کیا ہے جس سے نتن یاہو کی جماعت اقلیت بن کر رہ گئی ہے۔
اخبار نے غزہ کے خلاف جنگ کی صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ اکثر صہیونی غزہ کے خلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابی نہ ملنے کی وجہ سے ناراض اور غمگین ہیں۔
وزیرجنگ گیلانت نتن یاہو کو جارحیت کے ساتھ سیاسی حل کا آپشن نہ ہونے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اسی وجہ سے کابینہ کے بیشتر اراکین ان کی حمایت کرتے ہیں۔
دوسری جانب جنگی کابینہ کے ذرائع نے صہیونی چینل 11 کو بتایا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ میں معقول اور مناسب فیصلے کرنے میں ناکامی کی وجہ سے کابینہ کا وجود خطرے میں پڑگیا ہے۔
حماس کے ہاتھوں یرغمال صہیونیوں کے گھر والے بھی غزہ میں جنگ بندی کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔