ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات کا پانچواں مرحلہ بیس مئی کو ہوگا ہندوستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے جلسے اور ریلیاں بھی اپنے عروج پر ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے لوک سبھا انتخابات کا پانچواں مرحلہ بیس مئی کو ہوگا ہندوستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے جلسے اور ریلیاں بھی اپنے عروج پر ہیں اور پارٹیاں ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہرا رہی ہیں۔

اسی سلسلے میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کل جھارکھنڈ کےگریڈیہ لوک سبھا اور کوڈرما لوک سبھا کے ووٹروں کو راغب کرنے کے مقصد سے  ایک جلسۂ عام سے خطاب میں کہا کہ ملک نے کئی برسوں سے کانگریس کی قیادت میں کمزور حکومت دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریڈیہ اور کوڈرما نکسل ازم سے متاثر ہوئے ہيں اور یہ علاقہ نکسل ازم نے برباد کردیا ہے ، اسے ختم کرنے کے بجائے مختلف سیاسی پارٹیوں نے اس میں صرف روٹیاں سینکیں ہیں، لیکن بی جے پی حکومت نے نکسل ازم کو کچلنے کا کام کیا ہے۔

دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ بنگال میں بہر صورت شہریت ترمیمی ایکٹ نافذ کیا جائے گا اور کوئی طاقت اس کو نافذ ہونے سے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔

ادھر سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے جھانسی میں بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس بار ایک سو چالیس کروڑ عوام بی جے پی کو ایک سو چالیس سیٹوں کے لئے ترسا دیں گے، جھانسی میں بی جے پی کی وداعی کی جھانکی تیار ہو رہی ہے۔