ژانگ مینگ نے عبداللہیان سے گفتگو کرتے ہوئے صہیونی حکومت کی جانب سے شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی مذمت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے شنگھائی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل ژانگ مینگ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے مشرق وسطی کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ایران اور شنگھائی تعاون کونسل کے درمیان روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے بحرانی حالات مخصوصا دہشت گردی کے خلاف کاروائیوں میں قابل قدر کارنامے انجام دیے ہیں۔

گفتگو کے دوران ژانگ مینگ نے صہیونی حکومت کی جانب سے شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے اراکین خطے میں امن کی بحالی پر تاکید کرتے ہیں۔

انہوں نے مشرق وسطی میں امن قائم کرنے کے لئے ایران کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینی عوام کی مدد کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔