مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، العربیہ نے اپنی ایک رپورٹ میں صیہونی حکومت پر ایران کے ممکنہ حملے کے تناظر میں امریکہ کی سرگرمیوں اور عرب ممالک سے رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق: امریکی سینٹکام کے کمانڈر جنرل میک کورلا آج تل ابیب کا دورہ کریں گے تاکہ تہران یا اس کے حامیوں کے کسی بھی ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے مشاورت کی جا سکے۔
اس سعودی میڈیا کے مطابق امریکی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ بریٹ میک گرک نے بھی عرب ممالک سے مشاورت کی ہے۔
نیز ایک باخبر ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا: میک گرک نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور عراق کے وزرائے خارجہ سے کہا کہ وہ ایران کو اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لئے قائل کریں۔
مذکورہ ذریعے نے انکشاف کیا: امریکی ایلچی نے ان ممالک کے حکام سے کہا ہے کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے انہیں یہ پیغام پہنچائیں کہ" ایران اسرائیل کے ساتھ حالات کو پرسکون کرے"۔