مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پیٹرولیم کے وزیر جواد اوجی نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران چھے آئل فیلڈز کی ترقی کے حوالے سے متعدد منصوبوں کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر پیٹرولیم اور ایران کی قومی آئل کمپنی کے سی ای او کی موجودگی میں آزادگان، ازر 2، سمر، سمن، دلاوران اور مسجد سلیمانیہ آئل فیلڈز کی ترقی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی جن کی مالیت 13 ارب ڈالر ہے۔
اوجی نے صدر رئیسی کے دور حکومت میں سازگار سرمایہ کاری کی طرف اشارہ کرتے کہا کہ تقریباً 130 نامکمل منصوبوں کو مکمل کیا گیا جب کہ 28.5 بلین ڈالر کے 50 نئے منصوبے بھی شروع کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مزید پانچ پیٹرو کیمیکل پلانٹس کھولنے کے لیے تیار ہیں جو تیل کی پیداوار بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے، اس کے علاوہ موجودہ حکومت نے 5,500 دیہاتوں کو گیس بھی فراہم کی ہے۔
ایرانی وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ ہم تیل اور گیس کے شعبے کی اقتصادی ترقی کی شرح کو سالانہ 20 فیصد تک بڑھانے میں کامیاب رہے ہیں۔