ایران کی ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل کے مطابق، 200 امدادی ٹیمیں متاثرین کو خدمات فراہم کرنے کے لیے سیستان و بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں روانہ کی گئیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل یعقوب سلیمانی نے سیستان و بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئےکہا: سیستان اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ہلال احمر کی امدادی ٹیموں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ 150 سے زیادہ ریسکیو ٹیمیں پہلے ہی اس علاقے میں امدادی سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں، جب کہ ملک کے دیگر صوبوں سے بھی مزید 50 ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

ادھر ایران کے نیشنل کرائسس مینجمنٹ آرگنائزیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے 16 اضلاع اور 1,947 دیہات گزشتہ چند دنوں میں سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں۔