وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں انتخابی عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لئے ڈھائی لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کو تعیینات کیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران میں پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے انتخابات میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ملک میں سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی مدد لی جارہی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق ملک بھر میں 250000 سیکورٹی اہلکار تعیینات کئے گئے ہیں جو انتخابات کے دوران شہریوں کی سلامتی اور انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

نائب وزیرداخلہ میر احمدی  نے کہا کہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کی کوششوں کی بدولت تمام پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سیکیورٹی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لگ بھگ 61 ملین ایرانی لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جن میں 3.5 ملین پہلی بار ووٹ دینے والے بھی شامل ہیں۔

ایران کی آئینی کونسل کی طرف سے اہلیت کے باضابطہ عمل سے گزرنے کے بعد، 12,000 سے زیادہ امیدوار، جن میں مذہبی اقلیتوں کے درجنوں ایرانی بھی شامل ہیں، پارلیمنٹ کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ میں 290 نشستیں ہیں، جسے مجلس کے نام سے جانا جاتا ہے، جو چار سال کے لیے ملک گیر انتخابات میں عوام کے براہ راست ووٹ سے منتخب ہوتے ہیں۔

مجلس خبرگان ایک اعلیٰ  ادارہ ہے جو رہبر معظم انقلاب اسلامی کا انتخاب اوران کی فعالیت کی نگرانی کرتا ہے۔