مہر خبر رساں ایجنسی کے نامہ نگار کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے جنوبی خراسان کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام مہدی علیہ السلام کے مبارک وجود پر ایمان در حقیقت توحید پر ایمان ہے، کیونکہ وہ پوری دنیا میں توحید کا پرچم بلند کریں گے۔
انہوں نے اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ تمام مذاہب اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ عالمی نجات دہندہ دنیا میں عدل و انصاف کو نافذ کرے گا،لیکن ہمارا عقیدہ ہے کہ یہ نجات دہندہ بقید حیات ہے۔
صدر رئیسی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ آج امام زمانہ علیہ السلام کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، مزید کہا کہ راہ مہدویت در اصل راہ عدل و انصاف ہے جس کا ذکر مختلف احادیث آیا ہے۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اہل بیت عظام (ع) نے ہم سب کو خدا کی بندگی کی طرف دعوت دی، کہا کہ امام خمینی (رح) نے بھی ہمارے دور میں اس پرچم ہدایت کو بلند کیا۔
دنیا میں جب انتخابات کی بات کی جاتی ہے تو وہ اس مسئلے کو سیاسی تناظر میں دیکھتے ہیں لیکن امام خمینی (رح) عوامی رائے دہی پر گہرا یقین رکھتے تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے انتخابات انتہائی اہم ہیں اور اس میں شرکت ایک عوامی حق بھی ہے اور فریضہ بھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ انتخابات کے نتیجے میں ایک ایسی مضبوط پارلیمنٹ تشکیل پائے گی جو عوامی حمایت کے ذریعے اپنے فرائض کی انجام دہی میں حکومت کی مدد کرے گی۔
آیت اللہ رئیسی نے کہا کہ ملک کامستقبل روشن ہے اور مجھے یقین ہے کہ حکومت کی کوششوں اور عوام کے تعاون سے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔