انٹرنیشنل شپنگ کمپنی نے یمنی فوج کی کاروائیوں کی وجہ سے بحیرہ احمر اور نہر سویز میں اپنی کشتیوں کو بھیجنے کا سلسلہ معطل کرکے متبادل راستہ ڈھونڈنا شروع کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں فلسطینی عوام پر صہیونی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج نے اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والی کشتیوں پر حملوں کا اعلان کرنے کے بعد عالمی سمندری تجارت بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔

تجارتی کمپنیاں بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں کشیدگی کے باعث اپنی کشتیاں بھیجنے سے انکار کررہی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق معروف بین الاقوامی کمپنی ڈیانا کے سربراہ ماروگنیس نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں خطرات کے پیش نظر نامعلوم مدت تک کمپنی کی کشتیاں نہر سویز اور بحیرہ احمر میں سفر نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کے مالکان کو کم فائدے پر انحصار کرنا ہوگا۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کمپنی متبادل راستوں پر غور کررہی ہے جوکہ طویل ہوں گے اور اخراجات بھی زیادہ آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات کے بعد نہر سویز سے کشتیوں کی رفت و آمد میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اس سے پہلے معروف فرانسیسی اور جاپانی تجارتی کمپنیوں نے بھی بحیرہ احمر میں تجارتی سرگرمیوں کو غیر معینہ مدت کے لئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔