مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب اراکین اسمبلی کی ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت کے فیصلے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
علامہ راجا ناصرعباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عمران خان کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں ہم اسے بلامشروط اورمن و عن قبول کریں گے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا ہمارا روز اول سے یہ موقف رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد ، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری، سرحدوں کےتحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار،مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کے حصول بیانیہ کی بنیاد پر ہے جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا۔
علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار اور باوقار ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔