مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں سات اکتوبر سے اب تک کے شہداء اور زخمیوں کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار 840 جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 67 ہزار 317 تک پہنچ گئی ہے۔
اس فلسطینی طبی ادارے کے اعلان کے مطابق صیہونی قابض فوج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں فلسطینی خاندانوں کے خلاف قتل عام کے پندرہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں 130 افراد شہید اور 170 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب بھی غزہ کی پٹی میں متعدد لاشیں ملبے تلے پڑی ہیں لیکن قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کے لئے غزہ کی غیر فعال ڈیفنس آرگنائزیشن کو ان لاشوں تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔