مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ، فلسطین اور قدس کے دفاع میں متعدد یمنی اور لبنانی مجاہدین کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
ایک بیان میں حماس نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی قوم اور اس کے منصفانہ مقصد کے دفاع میں امت مسلمہ کے بیٹوں کی شہادت سب سے بڑا اعزاز اور فخر ہے، جس کی تازہ ترین مثال امریکی حملے میں 10 یمنی بھائیوں کی شہادت ہے، جنہوں نے بحیرہ احمر کی طرف بحری جہازوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے مشن کو انجام دیتے ہوئے غزہ کے لوگوں کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ کے عوام کی حمایت اور قابض صیہونی دشمن کا مقابلہ کرنے میں کسی بھی جرات مندانہ اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امت اسلامیہ کے شہداء سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی قوم کی جدوجہد میں ان کی شرکت پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے گزشتہ روز بتایا کہ امریکی دہشت گرد فوج نے یمنی بحریہ کی 3 کشتیوں پر حملہ کرکے ان فورسز کے 10 اہلکاروں کو شہید کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنے جرائم کا خمیازہ ضرور بھگتے گا۔ ہم دیگر ممالک کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کے دہشت گردانہ اقدامات میں حصہ نہ لیں، کیونکہ اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کی کہ ہم اپنے ملک اور عوام پر کسی بھی حملے کا مقابلہ کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم اپنی قوم اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں سے کہتے ہیں کہ وہ امریکہ کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام آپشنز پر عمل درآمد کے لئے پوری طرح تیار رہیں۔