مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، الحدیدہ میں یمنی کیڈٹس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، میجر جنرل محمد العتیفی نے غیر علاقائی افواج بحیرہ عرب میں صیہونی جہازوں کی سکیورٹی پر خبردار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یمنی مسلح افواج بحیرہ عرب کے دونوں حصوں میں امریکی، برطانوی اور فرانسیسی فوجی دستوں کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمنی قوم اور سیکورٹی فورسز فلسطینیوں کے شانہ بشانہ اس وقت تک کھڑے رہیں گی جب تک کہ وہ ان کی تمام مقبوضہ سرزمین کو آزاد کروا کر خودمختار ریاست قائم نہیں کر لیتے۔
یمن کی مسلح افواج نے منگل کے روز ایک بیان میں ایک بحری جہاز کو اس وقت نشانہ بنانے کی خبر دی جب وہ مقبوضہ علاقوں کی طرف بڑھ رہا تھا۔
جہاز کو یمنی بحریہ کی طرف سے تیسری بار انتباہی پیغامات کو نظر انداز کرنے کے بعد نشانہ بنایا گیا۔
یمنی مسلح افواج نے مقبوضہ علاقوں کے جنوب میں ایلات کی بندرگاہ کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاع دی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی شپنگ کمپنیوں نے یمنی فورسز کے حملوں کے خوف سے اپنے جہازوں کا روٹ پہلے ہی سے بدلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے بعد یمنی فوج نے جواب میں قابض رجیم کے زیر قبضہ علاقوں میں اہم اہداف کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا۔