مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی غاصب افواج کی جانب سے غرب اردن کے شہر جنین پر مسلسل تیسرے دن بھی حملہ کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنین شہر اور اس میں واقع پناہ گزین کیمپوں پر صہیونی فورسز حملے کررہی ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینی جوان نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جس سے گذشتہ تین دنوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف حصوں میں مقاومتی جوانوں اور غاصب صہیونیوں کے درمیان جھڑپوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
پناہ کیمپ کے نزدیک چوراہے پر صہیونی فورسز اور مقاومتی جوانوں کے درمیان تصادم ہوا جو بعد میں دوسرے علاقوں تک پھیل گیا۔
صہیونی فوجیوں نے الدمج محلے میں ایک گھر کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔