مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین نیوز سائٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لبنان اور مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں پر کئی حملے کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ یہ حملے، غزہ میں فلسطینیوں کی تحریک استقامت کی حمایت میں کئے جا رہے ہیں۔
لبنان کی تحریک استقامت نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں تیرہ بیانات جاری کئے جن میں لبنان کے مشرقی اور مغربی سرحدی علاقوں میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر چودہ حملے کرنے کی ذمہ داری قبول کی جن میں صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے ان حملوں میں ڈرون طیاروں کا بھی استعمال کیا اور صیہونی فوجی ٹھکانوں پر میزائل برسائے جس سے غاصب صیہونی فوجی حواس باختہ ہو گئے اور انھیں کافی نقصان پہنچا۔