کل صبح سے اب تک صہیونی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 200 سے زائد جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 589 تک پہنچی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق فسلطین الیوم کے نامہ نگار نے کہا ہے کہ گذشتہ روز صہیونی حکومت کے حملے شروع ہونے کے بعد غاصب فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ اور اس کے اطراف میں سینکڑوں فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کل صبح سے اب تک صہیونی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 589 تک پہنچی ہے۔

نامہ نگار نے مزید کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ رفح بارڈر سے گزر کر غزہ کی طرف جانے والے امدادی سامان پر حملہ کیا جائے گا۔

اس سے پہلے طوفان الاقصی کے بعد ہونے والے اسرائیلی حملوں کے بارے میں فسلطینی حکومت نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ کی پٹی میں شہید ہونے والے 15 ہزار سے زائد فلسطینیوں میں 6150 بچے اور 4000 خواتین شامل ہیں۔

بیان کے مطابق اب تک 37 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 6500 ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ غزہ میں صہیونی حکومت کے حملوں میں 103 سرکاری عمارتیں، 247 اسکول متاثر ہوئے ہیں جبکہ 67 سکول مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔