مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیشنل ٹی 20 میچ میں فلسطینی پرچم بلے پر بنوانے پر اعظم خان پر جرمانہ عائد کرنے کے خلاف نوجوانوں نے احتجاج کیا اور پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔
جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے درجنوں کارکنان اعظم خان سے اظہار یکجہتی کیلیے نیشنل اسٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کرنے پہنچے تو پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی۔
شرکا نے کہا کہ اعظم خان کے خلاف جرمانہ واپس نہ کیا گیا تو پی ایس ایل کے موقع پر احتجاج کریں گے۔
جماعت اسلامی کراچی یوتھ ونگ کے ہاشم ابدالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اعظم خان کے خلاف کیا گیا فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کا سلسلہ ملک گیر سطح پر بڑھانے کا فیصلہ کریں گے۔
شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ذکا اشرف کی برطرفی کے نعرے درج تھے۔
ہاشم ابدالی نے کہا کہ جرمانہ واپس نہ لینے کی صورت میں تمام تر حالات کی ذمہ دار پی سی بی کی انتظامیہ ہوگی،انہوں نے ذکا اشرف سے فوری طور پر اپنے عہدے سے مستفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔