مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے 14ویں اوور میں فلسطین کے حامی نوجوان نے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو لگے لگا لیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
تماشائی سیکیورٹی اہلکاروں کو چکما دیکر میدان میں داخل ہوا، جس نے فلسطینی پرچم والا ماسک پہننا ہوا تھا جبکہ ٹی شرٹ پر ’’فلسطینیوں پر بمباری بند کرو‘‘ کا نعرہ درج تھا۔
تماشائی کے میدان میں آنے کی وجہ سے کھیل کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا، بعدازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔
قبل ازیں ورلڈکپ 2023 کے دوران پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ کے دوران فلسطین کا پرچم لہرایا گیا تھا، جس پر 4 شائقین کرکٹ کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
دوسری جانب فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم اسرائیل کی حمایت کررہی ہے جبکہ فلسطینیوں کی مزاحمتی تنظیم حماس کو دہشتگرد قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ میں جاری جارحیت کے باعث شہید فلسطینوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔