مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی حکومت غزہ میں جاری جنگ کے اخراجات پورا کرنے کے لئے بیرونی اداروں سے 6 ارب ڈالر قرضہ لینے پر مجبور ہوگئی ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق اسرائیل نے بالاترین شرح سود کے ساتھ بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے 6 ارب ڈالر قرضے کی درخواست کی ہے۔
مالی مشکلات کے باوجود صہیونی حکومت غزہ کے خلاف جنگ روکنے پر آمادہ نہیں ہے۔ صہیونی پارلیمنٹ کے نائب سربراہ نے انتہاپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کو آگ میں جلادو۔ ایکس پر ایک پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ ہم غزہ میں صبر و تحمل سے کام لے رہے ہیں۔ مغویوں کی واپسی تک ان کو پانی اور دیگر ضروریات زندگی بندکرنا چاہئے۔
اس سے پہلے صہیونی وزیر ثقافت نے بھی غزہ پر ایٹمی حملے کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب غزہ کے الوفاء ہسپتال پر صہیونی جارحیت کے نتیجے میں عملے کے کئی افراد شہید ہوگئے ہیں جن میں ڈاکٹر مدحت محیسن بھی شمال ہیں۔
شہداء الاقصی ہسپتال کے ترجمان نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک صہیونیوں کے حملوں میں ہسپتال کے عملے کے 200 افراد شہید اور 450 زخمی ہوگئے ہیں۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے صہیونی فوجیوں پر حملوں کے بارے میں ویڈیو منتشر ہونے کے بعد صہیونی حکومت نے غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ پر شدید حملہ کیا ہے اور غیر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
غزہ کے مختلف مقامات پر صہیونی فورسز سفید جھنڈے کے ساتھ محفوظ مقامات پر جانے والوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں۔
سی این این کے مطابق فلسطینی ضعیف العمر شخص ہاتھوں میں سفید جھنڈا لے کر غزہ کے جنوب کی طرف جارہا ہے لیکن صہیونی فوجیوں نے بوڑھے باپ کے سامنے جوان بیٹے پر فائرنگ کرکے شہید کردیا۔