عراقی مقاومت اسلامی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے علی الصبح صہیونی علاقے ایلات پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ عراقی مقاومت اسلامی نے بیان جاری کرتے ہوئے اتوار کی صبح مقبوضہ فلسطین میں قابض صہیونیوں کی آبادی پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے جنوبی علاقے ایلات کے قصبے ام الرشراش پر اتوار کی صبح میزائل حملے کئے گئے تھے۔

عراقی تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملے میں جدیدترین اسلحہ استعمال کیا گیا ہے۔ غاصب صہیونیوں پر حملے جاری رہیں گے۔

بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ ایلات کے قصبے پر ہونے والا حملہ غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے۔ صہیونیوں پر حملے ختم نہیں ہوں گے۔

اس سے پہلے ایلات سے مقامی ذرائع نے کہا تھا کہ علی الصبح 2 ڈرون حملے ہوئے تھے جس کے بعد علاقے میں خطرے کے سائرن بجایا گیا تھا۔

اس سے پہلے عراقی مقاومت اسلامی نے شام اور عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بھی حملے کئے تھے۔ تنظیم کے مطابق غزہ کے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے یہ حملے کئے گئے تھے۔