مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سی این این نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مصر، امریکہ اور صیہونی رجیم کے درمیان مذاکرات میں اختلافات کی وجہ سے اس جمعہ کو بھی رفح کراسنگ کو نہیں کھولا جائے گا۔
قبل ازیں مصری ذرائع نے خبر دی تھی کہ مصری حکومت غزہ کی پٹی کے لوگوں تک انسانی امداد بھیجنے کے لیے جمعے کو رفح کراسنگ کو دوبارہ کھول دے گی۔
جمعرات کو مصری حکومت نے اعلان کیا کہ وہ غزہ میں داخل ہونے والی انسانی امداد کے لیے جمعہ کو رفح کراسنگ دوبارہ کھول دے گی۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مصر اور فلسطینی ہلال احمر کے ساتھ مل کر رفح کراسنگ کو دوبارہ کھولنے اور غزہ کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ کی پٹی میں کسی بھی قسم کی انسانی امداد بھیجنے کی مخالفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس رجیم کی وزارت دفاع نے جمعرات کو اطلاع دی کہ امریکی بکتر بند گاڑیوں کو لے جانے والا فضائی سامان مقبوضہ علاقوں میں پہنچ گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مصر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ خطے میں موجودہ بحران نہایت سنگین ہے لہذا امدادی کارکنوں کو غزہ میں انسانی امداد بھیجنے کی اجازت دینا ضروری ہے۔