مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غاصب اور دہشت صہیونی حکومت کی وحشیانہ کاروائیوں میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اب تک 436 بے گناہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں 91 بچے اور 61 خواتین بھی شامل ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق صہیونی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 2271 ہوگئی ہے جس میں 244 بچے اور 151 خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ جنگ کے تیسرے روز بھی غزہ کے اطراف میں حماس کے زیرقبضہ علاقوں کو صہیونی فورسز چھڑانے میں تاحال ناکام ہیں۔
فلسطینی وزارت داخلہ کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فورسز نے فلسطین میں سویلین آبادی اور عوامی املاک کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا ہے جس سے بے گناہ شہری بڑی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔
صہیونی جنگی طیاروں نے غزہ کے مغرب میں شیخ احمد یاسین مسجد کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔
دراین اثناء صہیونی وزارت صحت نے فلسطینیوں کے حملے میں زخمی ہونے والوں کے اعداد شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 2382 صہیونی ان حملوں میں زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 354 کی حالت نازک ہے۔
صہیونی چینل 12 نے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 بتائی ہے۔