مہر خبررساں ایجنسی نے عراقی نیوز "واع" کے حوالے سے بتایا ہے کہ بغداد میں ایران کے سفیر محمد کاظم الصدیق نے آج جمعہ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق اور ایران کے سربراہان مملکت کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور زائرین کی منتقلی کے لئے ریلوے لائن منصوبے کو عملی کرنے کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق اور ایران کو ریلوے لائن کے ذریعے جوڑنے کے لیے آپریشنل اقدامات شروع ہو گئے ہیں۔ یہ منصوبہ مذہبی سیاحت اور دونوں ملکوں کے درمیان زائرین کی منتقلی کے ہدف کے تحت شروع کیا گیا ہے۔
بغداد میں ایرانی سفیر نے ایران کی عظیم سائنسی اور طبی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے عراق میں منعقدہ سالانہ صحت نمائش میں ایران کی 17 خصوصی کمپنیوں کی شرکت طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں تجربات کے تبادلے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایرانی سفیر نے توانائی کے حوالے سے کہا کہ گیس کا معاملہ اب بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں سرفہرست ہے۔ ایران اس سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور عراق کو بجلی کے علاوہ روزانہ 40 ملین کیوبک میٹر گیس برآمد کرتا ہے۔