ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے فن لینڈ کے ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات کی طویل تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ فن لینڈ کے درمیان اچھے تعلقات کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کے لئے دونوں ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔

فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹنن نے تعلقات کی طویل تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنے ملک کی عدالتی اور قونصلر شعبوں سمیت تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔

فن لینڈ کی وزیر خارجہ نے یوکرین میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے نتائج پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔

اس ٹیلی فونک ملاقات میں فن لینڈ کی وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کو اپنے ملک منتقل کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔

فریقین نے یوکرین، افغانستان میں پیشرفت اور ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔