مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین فاؤنڈیشن عراق کے سربراہ ہاشم ابوخمسین نے قم میں اربعین موکب کی مناسبت سے ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام نے 15 محرم سے زائرین کی میزبانی شروع کی ہے۔ اس سلسلے میں مساجد، حسینیہ اور امام بارگاہوں کے علاوہ عراقی عوام نے اپنے گھروں کے دروازے بھی زائرین کے لئے کھول دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اربعین مارچ کے دوران راستے میں 70 ہزار موکب لگائے جائیں گے۔ حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال ساڑھے سترہ ملین نے اربعین مارچ میں شرکت کی تھی اس سال کے اندازے کے مطابق یہ تعداد بڑھ کر بیس ملین تک پہنچ سکتی ہے۔
اس موقع پر اربعین فاؤنڈیشن کے ثقافتی شعبے کے سربراہ حجت الاسلام احمدی نے کہا کہ اس سال خدمت رسانی کا آغاز صفر کی ابتدا سے ہوگا۔ ایران میں مجموعی طور پر 3 ہزار موکب لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور مختلف شعبوں میں فعال افراد کے ساتھ متعدد مرتبہ گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعین مارچ کا حقیقی میزبان عراق ہے۔ جبکہ ایران میں لگائے جانے والے موکب اس کار خیر میں شرکت اور تعاون کا ایک نمونہ ہے جوکہ ایران اور عراق کے دوستانہ روابط کی واضح مثال ہے۔
حجت الاسلام احمدی نے کہا کہ موکب میں بنیادی طور پر رہائش اور کھانے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی علاوہ ازیں زائرین کو درپیش شرعی اور اعتقادی سوالات کا جواب دینا بھی ان موکبوں کو لگانے کے اہداف میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 800 مرد و خواتین رضاکار مختلف شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ کربلا، نجف، کاظمین اور سامرا سمیت مارچ کے راستے میں قم کی جانب سے مجموعی طور پر 218 موکب لگائے جائیں۔