ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جنوبی لبنان میں قائم فلسطینیوں کے کیمپ عین الحلوہ میں تصادم کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جنوبی لبنان میں قائم فلسطینیوں کے کیمپ عین الحلوہ میں تصادم کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ناصر کنعانی نے متحارب گروہوں کے درمیان صلح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو ہر دور سے زیادہ آج باہمی صلح اور اتفاق کی ضرورت ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام اور تنظیموں کو ہوشیاری کے ساتھ اپنی طاقت اور توانائی کی حفاظت کرتے ہوئے اس کو مشترکہ دشمن کے خلاف استعمال کرنا چاہئے۔ فلسطینی عوام کا اصلی اور حقیقی دشمن صہیونی حکومت ہے جس کی وجہ سے فلسطین اور پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو باہمی اتحاد اور انسجام کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملک سے غاصب صہیونیوں کو نکالنے اور بیت المقدس کو مرکز بناتے ہوئے ایک فلسطینی پرچم کے نیچے سب کو جمع کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔