مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور عراق کی تجویز پر سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کو جلانے کی بار بار کی جانے والی ناپاک جسارت پر مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس 31 جولائی 2023 بروز پیر کو طلب کر لیا۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس ورچوئل ہوگا۔ اس اجلاس کا فیصلہ او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ میں 2 جولائی 2023 کو ہونے والے عرب وزرائے خارجہ کے 18 ویں ہنگامی اجلاس میں کیا گیا تھا۔
مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ اس اجلاس میں قرآن پاک کو جلانے کے اشتعال انگیز واقعات کے روک تھام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیں گے اور مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں گا۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسن ابراہیم طہ کا کہنا ہے کہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہونے والے اجلاس میں 2 جولائی کو کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے مشاورت بھی کی جائے گی۔