مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، زاہدان میں پولیس تھانے پر دہشتگردانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد، پولیس کے محاصرے میں آ گئے ہیں ۔ اب تک کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے- سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زاہدان شہر کی مجموعی صورتحال کنٹرول میں ہے۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر ہاوس کی سیاسی و سلامتی کے امور کے معاون علی رضا مرحمتی نے کہا ہے کہ آج صبح 7 بجکر 15 منٹ پر 4 دہشتگردوں نے تھانے پر ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا، انہوں نے کہا کہ حملہ خودکش نہیں تھا۔
علی رضا مرحمتی کا کہنا تھا کہ دہشتگرد تھانے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوئے اور اس وقت وہ سیکیورٹی فورسز کے محاصرے میں ہیں۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کے پراسیکیوٹر نے اس دہشت گردانہ حملے میں ایک اہلکار کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔