مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عشرہ امامت و ولایت کی مناسبت سے عید الاضحی سے عید غدیر تک جاری رہنے والے عوامی جشن اور ثقافتی پروگراموں کے حوالے سے تہران میں عوامی مرکز کے سربراہ ساسان زارع نے میڈیا کو بتایا کہ اس وسیع عوامی جشن کے ثقافتی پروگراموں کا انعقاد تہران کے امام حسین اسکوائر سے آزادی اسکوائر تک کے 10 کلو میٹر طویل فاصلے پر مشتمل ہوگا۔
ساسان زارع نے اس منفرد تقریب کے منصوبوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عید غدیر کی مناسبت سے 10 کلومیٹر ضیافت کا یہ پروگرام 7 جولائی کو عصر 6 بجے باضابطہ طور پر شروع ہو گا اور رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب میں 1300 سے زیادہ موکب(انتظامی خیمے) اور 50,000 خادمین شرکاء جشن کی خدمت کے لئے حاضر ہوں گے۔
چونکہ روایات میں اس دن مومنین کو کھانا کھلانے کی سفارش ہوئی ہے اس لیے اکثر موکب مہمانوں کو کھانا کھلائیں گے۔
انہوں نے جشن کے انتظامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون اور مدد سے ہونے والے اس جشن کے مختلف پروگرامز ہوں گے جن کا ایک بڑا حصہ شرکاء کی ضیافت پر مشتمل ہوگا۔
اس کے علاوہ، ثقافتی خدمات میں مشاورت فراہم کرنا، بچوں کے لیے قصیدوں اور کھیل کود وغیرہ شامل ہیں ۔ مزید یہ کہ تقریباً 200 موکب صرف شربت کی تقسیم کا فریضہ انجام دیں گے۔
عوامی مرکز کے سربراہ نے بتایا کہ گذشتہ سال اس جشن میں 30 لاکھ افراد نے شرکت کی جب کہ اس سال تقریباً 40 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
ساسان زارع نے کہا: ہماری پوری کوشش ہے کہ بچے اس جشن سے بھرہور لطف اٹھائیں جس کے لئے غدیر کے موضوع پر مشتمل کتابوں، کہانیوں، قصیدوں اور ڈرائنگز کی تقریباً دس لاکھ پرنٹ شدہ کاپیاں فراہم کی گئی ہیں۔
انہوان نے مزید کہا کہ 10 کلومیٹر طویل یہ عوامی ضیافت اس وقت ایران کے 17 صوبوں میں منعقد ہورہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ آنے والے سالوں میں دیگر ممالک میں بھی اس طرز کے جشن کا انعقاد کیا جائے۔