مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے او آئی سی کے سربراہ کی حیثیت سے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف او آئی سی کی بین الحکومتی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق او آئی سی کا اجلاس ادارے کے جدہ میں واقع ہیڈکوارٹر میں ہوگا جس میں عید الاضحی کے موقع پر سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں قرآن مجید کے بے حرمتی کے شرمناک واقعے کے بارے میں تبادلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران واقعے پر ردعمل دکھاتے ہوئے مشترکہ موقف اور ضروری اقدامات کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی۔ اجلاس بلانے کا فیصلہ ایرانی وزیرخارجہ عبداللہیان اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ کے درمیان ٹیلفونک گفتگو کے بعد کیا گیا جس میں ایرانی وزیرخارجہ نے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی۔
اس سے پہلے صدر رئیسی نے واقعے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مغربی ممالک میں آزادی اظہار بیان کے نام پر مسلمانوں کی مقدس کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ قرآن مجید کی توہین ایک آسمانی دین اور الہی اقدار کی توہین ہے جس کو امت مسلمہ ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت میں ریاست کی حمایت کے تحت مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی۔ عدالتی اجازت کے تحت دو شرپسندوں نے بدھ کے روز اسٹاک ہوم کی مرکزی مسجد کے باہر قرآن مجید کے صفحات کو آگ لگادی۔
یہ واقعہ مسلمانوں کی مذہبی تہوار عید الاضحی کے دن پیش آیا جس دن لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے حج کے فرائض ادا کرنے مکہ مکرمہ جاتے ہیں۔