مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی سے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اس موقع پر صدر رئیسی نے کہا کہ یورپی ممالک نے دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں کی غلط اور بے بنیاد معلومات پر اعتماد کرتے ہوئے اسلامی جمہوری ایران کے خلاف رائے قائم کی ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرتے ہوئے باہمی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عالمی جوہری ادارے کے درمیان بہترین تعاون جاری ہے۔ جوہری پروگرام کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہوئے ایران پر عائد پابندیوں کو ہٹانا چاہئے۔
دونوں سربراہان مملکت نے عالمی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس حوالے سے صدر رئیسی نے یوکرائن میں جاری جنگ کے بارے میں ایرانی موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن کے مسئلے کا حل مذاکرات اور سفارتی کوششوں میں پنہاں ہے۔
اس موقع پر فرانسیسی صدر نے ایران کے ساتھ مستحکم تعلقات کو فرانس کی اولویت قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یوکرائن کے مسئلے سمیت مختلف عالمی امور میں ایران تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔