مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک؛ لبنان سے تعلق رکھنے والے مشرق وسطی کے امور کے ماہر تجزیہ کار ڈاکٹر طلال عتریسی نے امام خمینی کی برسی کے موقع پر مہر نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینی کے بارے میں گفتگو درحقیقت انقلاب اسلامی ایران کے بارے میں گفتگو ہے۔ انقلاب اسلامی ایران سے امام خمینی کا نام ہرگز جدا نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے انقلاب اسلامی کے ہر مرحلے میں ناقانل انکار کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ امام خمینی کا نام لینے سے وہ تمام اقدامات ذہن میں آتے ہیں جن کے نتیجے میں انقلاب اسلامی کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ اس انقلاب کی کامیابی کے ساتھ خطے اور عالمی حالات بدل گئے۔ امام خمینی نے مشرقی اور مغربی بلاک دونوں سے لاتعلقی کا اظہار کرکے مشرق اور مغرب کی طاقتوں سے آزاد کیا اور دنیا میں ایران کو حریت پسندی کے علمبردار کے طور پر پیش کیا۔
ڈاکٹر ہلال عتریسی نے کہا کہ آج امریکہ اور عالمی استکبار کے سامنے ایران کی سربلندی اور مقاومتی تنظیموں کا وجود امام خمینی کے افکار کا نتیجہ ہے۔ امام خمینی کی برسی کے موقع پر ہمیں چاہئے کہ مرحوم امام کے فقہی، سیاسی اور ثقافتی افکار اور مبانی کی زیادہ سے زیادہ ترویج کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو امام خمینی سے جدا نہیں کرسکتے ہیں۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد پیش آنے والے حالات کا جائزہ لینے کے لئے امام خمینی کا بھی تذکرہ ضروری ہے۔