مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزات خارجہ نے امریکی سربراہی میں تشکیل پانے والے بحری اتحاد سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے سیکورٹی خدشات کو عذر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق یہ اتحاد 34 ملکوں پر مشتمل ہے جس کا مرکز بحرین میں قائم امریکی بحری اڈا ہے۔ اس اتحاد کی بنیادی سرگرمی اور فعالیت سیکورٹی کی فراہمی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سمندری سمگلروں کے خلاف کاروائی پر مشتمل ہے۔ اس اتحاد کا دائرہ خلیج فارس اور بحیرہ احمر تک محدود ہے۔
یاد رہے یہ خطہ دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہ ہے لیکن 2019 کے بعد تیل کے جہازوں پر مسلسل حملے ہورہے ہیں اور ان کو روکے جانے کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔
عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ دوسرے ممالک کے ساتھ سیکورٹی کے معاملات پر تعاون اور تحقیق کے بعد دو مہینے پہلے ہی عرب امارات نے خود کو امریکی بحری اتحاد سے علیحدہ کرلیا ہے۔