مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے اوپیک کے سکریٹری جنرل ہیثم الغیص سے ملاقات کے دوران، اس تنظیم کے اراکین کے درمیان تعمیری تعامل کو مذکورہ بین الاقوامی تنظیم کی کامیابی کا ایک اہم عنصر قرار دیا اور مزید کہا کہ ایران کا اوپیک کے ساتھ ہمیشہ تعمیری تعاون رہا ہے اور آئندہ بھی ہم اس تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے جاری رکھیں گے۔
رئیسی نے اوپیک تنظیم کے قیام کے اہداف و مقاصد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اوپیک تنظیم اپنی سرگرمیوں کے نئے دور میں تیل کی مارکیٹ میں نرخ کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ مغربی ممالک اوپیک کے رکن ممالک کے درمیان تفرقہ اور اختلافات پیدا کرنے کے خواہاں ہیں، لہذا اوپیک کے رکن ممالک اپنی ہم آہنگی کو مضبوط کر کے ان عزائم کا سد باب کریں۔
ملاقات میں اوپیک کے سیکرٹری جنرل ہیثم الغیص نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اوپیک کے بانی کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران، اس تنظیم اور اس کے اراکین کے ساتھ ہمیشہ مفید، مؤثر اور تعمیری تعاون کرتا رہا ہے، کہا کہ ایران نے وزارتی اور تکنیکی سطح پر ہمیشہ اوپیک کے ممبران کی ہم آہنگی اور اتحاد کو مضبوط کرنے کیلئے عملی اقدام کیا ہے۔
اوپیک کے سیکرٹری جنرل نے تیل کی مارکیٹ کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اوپیک کے اراکین کے درمیان اتحاد اور اسلامی جمہوریہ ایران کی تعمیری حمایت اور تعاون سے استفادہ کرتے ہوئے ہم تیل کی مارکیٹ میں کردار ادا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔