ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر طفل کش، متعصب اور غاصب اسرائیلی حکومت کی جانب مسجد الاقصیٰ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ غاصب صہیونی حکومت کی جانب سے اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات، فلسطینی مظلوم قوم اور مقبوضہ علاقوں میں مقامات مقدسہ کے خلاف مسلسل جارحیت کی ایک اور جہت ہے۔

انہوں نے عالم اسلام اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صہیونی حکومت کی ان غیر انسانی کارروائیوں پر فوری اور مؤثر ردعمل کا مظاہرہ کریں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ قدس فلسطین کا دارالحکومت ہے اور ہمیشہ رہے گا، غاصب اور ناجائز ریاست کی جانب سے مسلسل جارحیتوں سے قدس اور فلسطین کی تاریخی اور جغرافیائی حیثیت اور حقیقت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔