مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ ویب سائٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی بحریہ کے ڈپٹی ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا ہے کہ سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی تیز رفتار کشتیوں نے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر آکر امریکی بحری جہاز پال ہمیلٹن کا تعاقب کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایسوسی ایٹس پریس نے نیز اطلاع دی ہے کہ ایرانی ڈرون طیارے نے اس وقت امریکی بحری جہاز ہمیلٹن کا تعاقب کیا جب امریکی یہ بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔ امریکی نیوی کا طیارہ بھی اس وقت بحری جہاز کی نگرانی کر رہا تھا۔
ایرانی سپاہ پاسدارانِ انقلاب کے آفسر عباس غلام شاہی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران کی بحری فوج باقاعدہ شب و روز خلیج فارس اور آبنائے ہرمز پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر گزرنے والے بحری بیڑے کی نگرانی کرتی ہے۔
جمعہ کے روز بھی امریکی جہاز ہمیلٹن کی ایرانی بحری جہازوں نے قریب سے نگرانی کی تھی جس میں ان کے دعویٰ کے مطابق امریکی، برطانوی اور فرانسیسی بحری آفسران سوار تھے۔
سپاہ پاسداران نے کہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا سپاہ پاسدارانِ انقلاب کی ذمہ داری ہے اور ہمارے غیور اہلکار آبنائے ہرمز سے گزرنے والی ہر کشتی پر نظر رکھ کر خطے کی مکمل سیکورٹی کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں۔