فلسطینی مقاومتی تحریک نے اپنے رہنماوں کی شہادت کے بعد کہا ہے کہ رہائشی عمارت پر حملے کرنے سے دشمن کامیاب نہیں ہوں گے۔ غاصب صہیونیوں کے خلاف حملوں کا دائرہ مزید وسیع کرسکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادن کے حولے سے رپورٹ دی ہے کہ فلسطینی جہاد تنظیم تحریک جہاد اسلامی نے صہیونی حملے میں اپنے رہنما کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں تنظیم نے کہا ہے کہ رہائشی عمارتوں اور مکانات پر حملے سے دشمن کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ مستقبل میں دشمن کو ناکامی کا احساس ہوجائے گا۔ جہاد اسلامی نے انتباہ کیا ہے کہ جہادی رہنما کی شہادت سے صہیونیوں پر میزائل حملے نہیں رکیں گے۔ القدس بریگیڈ غاصب صہیونی حکومت پر اپنے حملوں کا دائزہ مزید بڑھائے گا۔ 

جہاد اسلامی کے رہنما خمیس الہیثم نے المیادین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاد اسلامی اپنے رہنما کی شہادت کے بعد خاموش نہیں رہے گی۔ صہیونی حکومت کے خلاف انتقامی کاروائی کے سلسلے میں تمام آپشنز زیرغور ہیں۔ 

یاد رہے کہ صہیونی طیاروں نے علی الصبح خان یونس کے نواحی علاقے میں بمباری کرکے رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں القدس بریگیڈ کے کمانڈر علی حسن غالی بھی ہیں۔