خان یونس کے نواحی علاقے میں صہیونی طیاروں نے رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں تین جہادی رہنما شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ذرائع ابلاغ کے حوالے خبر دی ہے کہ علی الصبح صہیونی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس پر حملہ کردیا۔ رہائشی عمارت پر حملے کے نتیجے میں عمارت کی پانچویں منزل مکمل تباہ ہوگئی ہے۔

عبرانی ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا ہے کہ متاثرہ عمارت کی پانچویں منزل تحریک جہاد اسلامی کے زیراستعمال تھی۔ حملے میں خودکش ڈرون طیارہ استعمال کیا گیا ہے۔ شہید ہونے والے کمانڈر علی حسن غالی القدس بریگیڈ کے دفاعی کونسل کے رکن تھے۔ حملے میں ان کا بھائی بھی شہید ہوگیا ہے۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں امریکی ساختہ لیزر گائیڈڈ بم استعمال کیا گیا تھا۔ شہید ہونے والے دوسرے کمانڈر محمود حسن محمد غالی اور محمود ولید عبدالجواد کے نام سے شناخت کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے شہداء کی تعداد میں اضافے کی بھی خبر دی ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ اس سے پہلے فلسطینی ذرائع ابلاغ نے غزہ کے جنوب میں خوفناک دھماکے کی بھی خبر دی تھی۔ 

صہیونی حملوں کے جواب میں فلسطینی مقاومتی تنظیموں نے صوفا میں فوجی مرکز کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ مذکورہ حملوں کے بعد اسرائیل میں راکٹوں کو فضا میں تباہ کرنے والا نظام فعال کردیا گیا ہے۔ صہیونی ذرائع ابلاغ نے بھی فلسطینی حملوں میں اسرائیل تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی خبر دی ہے۔ حملوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ غزہ پر صہیونی جارحیت کے بعد سویڈن کی وزارت خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔