اسرائیلی فوج نے منگل کو علی الصباح غزہ کی پٹی پر فضائی حملے میں تحریک جہاد اسلامی کے تین کمانڈروں سمیت ایک درجن سے زاید فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے مرکز اطلاعات فلسطین سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے منگل کو علی الصباح غزہ کی پٹی پر فضائی حملے میں تحریک جہاد اسلامی کے تین کمانڈروں سمیت ایک درجن سے زاید فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی کارروائی میں جہاد اسلامی کے شمالی ریجن کے کمانڈر خليل البهتيمی شہید ہوگئے ہیں۔ اسلامی جہاد نے بھی اسرائیلی دشمن کی اس جارحیت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

دوسری طرف اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی جہاد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں دو عمارتوں اور رفح کے مقام پرایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم اب تک 13 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔ اسرائیلی جارحیت میں 20 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

تحریک جہاد اسلامی نے ایک بیان میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ غزہ کے میڈیا آفس نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں آج سکول بند اور تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔