عراقی سیاسی رہنما نے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس پر حملے میں سہ فریقی اتحاد کا ہاتھ تھا۔ تحقیقات کے مزید نتائج جلد منظر عام لائے جائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المعلومہ نیوز کے حوالے خبر دی ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں مقاومت کے رہنماوں پر ہونے والے قاتلانہ حملوں کی تحقیقات کے نتائج جلد منظر عام پر لائے جائیں گے۔ شیعہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے رہنما جبار عودہ نے اس سلسلے میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ہونے والی منصوبہ بندی میں تین فریق ملوث تھے۔انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ، صہیونی حکومت اور عراق کے کچھ داخلی عناصر نے بھی دہشت گردی کے اس واقعے میں مدد فراہم کی۔ عراقی جماعتیں اس واقعے کو کسی بھی قیمت پر فراموش نہیں ہونے دیں گی۔ منصفانہ عدالتی کاروائی کے ذریعے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی کاروائی جاری ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کو کسی بھی قیمت پر رہا نہیں کیا جائے گا۔ امریکہ بے بنیاد خبریں پھیلا کر لوگوں کو اذہان کو تشویش میں ڈال رہا ہے لیکن اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ عراقی عوام داعش سے عراق کو نجات دلانے میں مقاومتی رہنماوں کی فداکاری اور قربانی سے بخوبی واقف ہیں۔

یاد رہے کہ الفتح اتحاد کے رہنما علی ترکی الجمال نے سابق عراقی وزیراعظم کے عراق سے فرار ہونے کی خبر پر کہا تھاکہ مقاومتی رہنماوں کے قتل کا کیس عراقی عدلیہ کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ عراقی عوام اپنی عدلیہ پر اعتماد رکھیں۔ مصطفی الکاظمی کو عدالتی کاروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

الجمالی نے مزید کہا کہ فائق زیدان کی قیادت میں عراقی عدالت نے کئی اجلاس کئے ہیں اور مقاومتی رہنماوں کی شہادت کے حوالے سے ایرانی حکام سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔