سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غاصب صہیونی حکومت تیزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے، کہا کہ امید ہے کہ خدا کی مدد اور نصرت شامل حال رہی تو ہم بہت جلد اسرائیل کو تباہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

مہر خبررساں ادارے کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے حرم حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا کے متولی اور امام جمعہ قم آیت اللہ سید محمد سعیدی سے ملاقات میں امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج مزاحمتی میدان میں ہماری کامیابیاں اور شراکتیں ناقابلِ یقین ہیں۔

سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے کہا کہ اگرچہ ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے، لیکن ہم روز بروز مزاحمتی خطوں میں مزاحمتی قوتوں کی نمو دیکھ رہے ہیں اور مزاحمتی تحریک مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ مزاحمتی محاذوں پر مقاومتی جوان دشمن کا مقابلہ پتھروں اور گولیوں سے کرتے تھے، لیکن آج غزہ خود ساختہ راکٹوں سے غاصب اسرائیل کو نشانہ بنا رہا ہے۔

جنرل قاآنی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مزاحمت کی جانب اشارہ کیا اور مزید کہا کہ ایک زمانہ ایسا بھی آیا کہ جہاں 100 سے زائد ممالک شام کے خلاف اکھٹا ہو کر اس ملک کو تباہ کرنا چاہتے تھے، لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے مزاحمت کی اور اس ملک کو اپنے دشمنوں سے بچانے میں کامیاب ہوا۔

جنرل قاآنی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ غاصب صہیونی حکومت تیزی سے تباہی کی طرف گامزن ہے، کہا کہ امید ہے کہ خدا کی مدد اور نصرت شامل حال رہی تو ہم بہت جلدی اسرائیل کو تباہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔