مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ انڈین آرمی کے 3 افسران کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر درھو جموں و کشمیر کے ضلع کشتور میں گر کر تباہ ہوا۔ سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سرچ آپریشن ٹیم کو ہیلی کاپٹر کی باقیات ایک دریا سے مل گئیں۔ پائلٹ اور معاون پائلٹ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
قبل ازیں ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع دیتے ہوئے بھارتی فوج کے ترجمان کے کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں تین افسران موجود ہیں تاہم اب تک دو زخمی افسران کا پتہ چل سکا ہے۔
تیسرے آفیسر کی تلاش کا کام جاری ہے جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
واضح رہے کہ ایک ماہ میں بھارتی فوج کا یہ تیسرا ہیلی کاپٹر ہے جو حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوا۔