مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط و اشتراک میں اہم ترین پیش رفت سامنے آئی ہے، امیر جماعت اسلامی حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکراات کرنے کے لیے سرگرم ہیں، قبل ازیں انہوں ںے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور آج عمران خان سے ملاقات کرکے انہیں حکومت سے مذاکرات کی تجویز دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ عمران خان سے مذاکرات آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کیے جائیں گے جبکہ عمران خان نے بھی مذاکرات کی پیش کش پر مثبت جواب دیا۔
جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ ملک میں الیکشن ایک ہی وقت پر موضوع ہیں، سیاسی صورت حال کو سیاسی طریقے سے ہی مل بیٹھ کر حل کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان کسی غیر یقینی صورت حال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق آج پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملنے زمان پارک لاہور پہنچے۔ ان کے ساتھ نائب امیرِ جماعت لیاقت بلوچ اور مرکزی سیکیرٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چودھری، چیئرمین کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز اور معاون سیاسی امور حافظ فرحت عباس بھی موجود تھے۔
وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی تفصیلی ملاقات کی۔ اس اہم ترین ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے لیے وسیع اتفاقِ رائے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کی تجویز دی گئی۔
اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف آئین کے دائرہ و حدود کے اندر بات چیت کیلئے تیار ہے۔
دریں اثنا ملاقات میں دونوں جماعتوں کے مابین روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔