پاکستانی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم نوروز اور ایران کے 1402ویں سال کے آغاز پر ایران کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات دائیوں پر محیط ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم نوروز اور ایران کے 1402ویں سال کے آغاز پر ایران کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات دائیوں پر محیط ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ایران نے ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جشن نوروز کی خوشی کی اس گھڑی میں پاکستانی پارلیمنٹ اور عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ برابر کی شریک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جشن نوروز کو کئی صدیوں سے وسطی ایشیا سے لیکر بلقان تک جیسے وسیع و عریض علاقے میں جوش و خروش کیساتھ منایا جاتا ہے،یہ موسم بہار کی آمد اور قدرت کی بیداری کا جشن ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ جشن آپس میں بھائی چارے، محبت اور پیار کو فروغ دے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان ہر دکھ اور سکھ کی گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام علاقائی اور عالمی سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔