ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں فالح الفیاض نے عراق و ایران کے درمیان سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایران کے وزیر خارجہ نے گذشتہ روز الحشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایرانی ڈپلومیٹک سربراہ نے داعش کے خلاف جنگ میں الحشد الشعبی کی قربانیوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مقاومتی کمانڈروں شہید قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس کے قتل کی تحقیقات اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گی۔ اس ملاقات میں حسین امیر عبداللہیان نے شہیدان جنرل قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس کی یاد اور نام کا ذکر کرتے ہوئے داعش کے خلاف لڑنے والے ان جرنیلوں کے غیر انسانی قتل اور خطے میں دہشت گردی کے مقدمات کی پیروی پر گفتگو کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عراق میں انصاف کا یہ عمل تیزی سے اپنے مراحل طے کرے گا۔

حسین امیر عبداللہیان نے عراق میں امن و استحکام کو ایران کی سلامتی قرار دیا۔ انہوں نے عراق میں داعش کے خلاف جنگ اور ملک میں امن کی بحالی کے حوالے سے الحشد الشعبی کے کردار کی تعریف کی۔ دوسری جانب اس ملاقات میں فالح الفیاض نے خطے اور سرحدوں کی سالمیت کی خاطر ایران کی مسلسل مدد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عراق و ایران کے درمیان سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔